11 جولائی 2025 - 02:32
حزب اللہ کا اسلحہ صہیونی تسلط سے لبنان کی حفاظت کرتا ہے / صہیونی ریاست سے منسلک جہازران کمپنیوں کو سید الحوثی کا انتباہ

انصار اللہ یمن کے قائد نے اپنے بیان میں دیرالبلح میں صہیونی ریاست کے وحشیانہ جرائم اور عام شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی اور اس کے "مغربی تہذیب کی عظیم رسوائی" قرار دیا۔ انھوں نے غزہ کے انسانی محاصر کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ یمن نے مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ٹھکانوں کو 45 جدید میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ انھوں نے صہیونی ریاست کے ساتھ تعاون کرنے والی جہازران کمپنیوں کو قطعی طور پر خبردار کیا۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، انصار اللہ یمن کے سربراہ اور انقلاب یمن کے قائد سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے بیان میں کہا:

• یہ کیسی دنیا ہے جو تہذیب و تمدن کا دعوی کرتی ہے، حالانکہ لاکھوں بچے غزہ میں ایک روٹی کے لئے ترس رہے ہیں، لیکن وہی روٹی ان کے قریب کھڑے ٹرکوں میں ہوتی ہے لیکن ان کی رسائی سے خارج ہوتی ہے؟ یہ کیسی دنیا ہے جس نے چھ لاکھ بچوں کو کسی چھت اور کسی پناہ کے بغیر، کھنڈرات میں بلکتے سسکتے بھٹکتے، چھوڑ رکھا ہے۔

• اس ہفتے صہیونی مجرموں نے 3700 بے گناہ فلسطینیوں کو شہید یا زخمی کر دیا؛ ان میں اکثریت ان بچوں اور خواتین کی تھی جو امداد کے حصول کے لئے قطاروں میں کھڑے تھے۔ صہیونی ریاست نے دیرالبلح میں آج کے قتل عام میں حتی کہ شیرخوار بچوں اور اشیائے خورد و نوش وصول کرنے کے لئے قطار میں کھڑے خاندانوں تک کو بھی نشانہ بنایا۔

بین الاقوامی برادری انسانی ضمیر کی موت کا تماشا دیکھ رہی ہے

• آج کی نسل تاریخ کے سب سے بڑے اخلاقی رسوائی کا منظر دیکھ رہی ہے؛ یہ وہ بدنامی اور رسوائی ہے جس سے عالمی برادری دوچار ہے۔ اس میں انسانیت کا ضمیر مردہ ہو چکا ہے۔ آج، غزہ میں بچوں، خواتین اور مریضوں سمیت 10 لاکھ سے زائد افراد، عالمی برادری کی آنکھوں کے سامنے، صہیونی مجرموں کے ہاتھوں بھوک اور پیاس کے ذریعے مارے جا رہے ہیں۔

• جرائم پیشہ امریکہ، مالی اور فوجی حمایت کے ذریعے صہیونی ریاست کا ساتھ دے رہا ہے اور اس نسل کشی میں برابر کا شریک ہے، حالانکہ وہ عالمی رہنمائی کا دعویٰ کرتا ہے۔ مغرب بھی اجتماعی قتل کے ہتھیار فراہم کر کے سفاک صہیونی جلادوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

غزاوی مجاہدین کی بہادرانہ مزاحمت

• فلسطینی مقاومت، تمام عالمی محاصروں اور غداریوں کے باوجود، مضبوطی اور ثابت قدمی کے ساتھ جم کر کھڑی ہے اور غزہ کے مجاہدین نے بلند عزم و ہمت اور مؤثر کارکردگی کے ساتھ صہیونی فوج کی چار ڈویژنوں کا مقابلہ کیا۔ صرف اسی ایک ہفتے کے دوران، القسام بریگیڈز نے 16 فوجی کارروائیاں کیں، جن میں صہیونی فوج کی 10 فوجی گاڑیوں پر حملے کئے، گولی باری کی 5 کاروائیاں کیں، اور دشمن کی پیدل فوج کے خلاف ایک اہم براہ راست کاروائی کا اہتمام کیا۔

• صہیونی فوجی نہتے شہریوں کے سامنے بہادر بنتے ہیں، لیکن فلسطینی مجاہدین کے مقابلے میں ان کی دہشت زدگی اور بزدلی عیاں ہو جاتی ہے۔

لبنان اور شام دونوں صہیونی جارحیت کا نشانہ

• امریکی حمایت یافتہ صہیونی ریاست لبنان میں اپنی جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے، جہاں وہ جنوب اور شمال میں شہریوں کے قتل عام اور گھروں کی تباہی میں مصروف ہے۔ ان کا مقصد لبنان کی خودمختاری کو نئے منصوبوں کے ذریعے ختم کرنا ہے، لیکن مقاومت کا ہتھیار ہی جارحوں اور قابضوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

• شام میں بھی، صہیونیوں نے بستیوں پر حملوں اور گھروں کی تباہی کا سلسلہ جاری رکھا ہؤا ہے۔ دمشق کے مضافات پر ان کی حالیہ جارحیت، مسلمانوں کے ساتھ صہیونی ریاست کی فطری دشمنی کا ثبوت ہے۔

یمن کی غزہ کے  لئے فیصلہ کن کارروائیاں

• یمنی محاذ معرکۂ فتح موعود میں غزاوی عوام کی حمایت پوری قوت سے جاری رکھے گا۔ اس ہفتے، یافا (تل ابیب)، اشدود، عسقلان اور ام الرشراش میں غاصبوں کے اہداف پر 45 ہائپرسونک اور بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ آج صبح کی کارروائی کے بعد بن گوریون ہوائی اڈے کی پروازیں معطل کر دی گئیں، اور لاکھوں صہیونی پناہ گاہوں میں بھاگ گئے۔

صہیونیوں کی حلیف جہازرانی کمپنیوں کو انتباہ

• یمن بحر احمر، خلیج عدن اور بحیرہ عرب میں اسرائیلی جہازوں کی آمدورفت پر فیصلہ کن انداز سے پابندی کو سختی سے نافذ کر رہا ہے۔ خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔ اس ہفتے، ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ام الرشراش بندرگاہ کی طرف جانے والے دو متخلف کمپنیوں کے جہازوں کو ڈبو دیا گیا۔

یمن کا اٹل موقف

• ہم یمنی قوم، ایمان اور انسانی اخلاقیات کی بنیاد پر، فلسطینی عوام کی حمایت کرتے ہیں۔ کوئی بھی صہیونی جارحیت، چاہے وہ امریکہ اور مغرب کی مکمل حمایت میں ہی کیوں نہ ہو، ہمیں مقاومت و مزاحمت کے راستے سے ہٹا نہیں سکتی۔ ہم غزہ اور قدس کی دفاع کے  لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ترجمہ: فرحت حسین مہدوی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha